کراچی : پاکستان مسلم لیگ فنکشنل بزنس فورم سندھ کے صدر گلزار فیروز نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کی جڑیں کھو کھلی کر رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا سیلاب آئے گا اور پہلے سے ہی دو وقت کی روٹی سے محروم غریب کے پاس خود کشی کے سوا کوئی آپشن نہیں بچے گا ،حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لے۔منگل کے روز جاری اعلامیہ میں فنکشنل بزنس فورم سندھ کے صدر گلزار فیروز نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہماری صنعتوں کا پہیہ جام کر دے گا ۔کیونکہ پیداواری لگ بڑھ جائے گی جس ہماری ایکسپورٹ بھی متاثر ہوگی انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں بار بار اضافے نے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری اور عام آدمی کی زندگی کو اجیرن کرکے رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو پہلے ہی شدید بحرانوں کا سامنا ہے جب کہ حکومت ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آمدنی کے دیگر ذرائع تلاش کرنے اور اپنے بے جا اخراجات پر قابو پانے کے بجائے تمام تر بوجھ انڈسٹری اور عام آدمی پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عام آدمی پر ٹیکسوں کا مسلسل بوجھ تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے اور صنعت کا پہیہ رُک سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بنیاد بنا کر اب تک ناقابل حد تک اضافہ کیا ہے۔جب کہ بین الاقوامی مارکیٹ میںاتنا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔انہوں نےمزےد کہا کہ ہماری پیداواری لاگت میں اضافہ ہماری صنعتوں کی بندش کا سبب بنے گا۔ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لے۔
