کرا چی:اسپنسر آئی اسپتال کی تین فیکو اور ایک لیزر مشین گزشتہ کئی ماہ سے خراب پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ہر ماہ درجنوں مریضوں کو سول اسپتال اور جناح اسپتال میں روانہ کیا جارہاہے جس کی وجہ سے علاقے کے مریضوں کی بڑی تعداد کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔تفصیلا ت کے مطابق لیمارکیٹ میں واقع کے ایم سی کے ماتحت چلنے والے تاریخی اسپنسر آئی اسپتال میں تین فیکو اور ایک لیزر مشین گزشتہ کئی سا ل سے خراب ہیں جس کے حوالے سے کے ایم سی انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا لیکن اس پر توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے دور دراز اور علاقے کی بڑی تعداد میں آنے والے مریضوںکو سول اسپتال اور جناح اسپتال بھیجا جارہاہے ۔او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کا کہناتھاکہ حکومت کوچاہئے کہ وہ مشینوں کو جلد سے جلد مرمت کرائے تاکہ ان کو کسی دور کے اسپتال میں جانے کی ضرورت نہ پڑے۔اس حوالے سے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انور سعید اور سینئر آئی سرجن پروفیسر ڈاکٹر ارشد شیخ سے رابطہ کیا گیا جس پر انہوںنے پی پی آئی کوبتایا کہ اسپتال میں جو مشینیں خراب ہیں ان کو جلد بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس حوالے سے انہوںنے اعلی حکام کو بھی آگاہی کردیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسپتال کی او پی ڈی میں آنے والے تمام مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
